الإثنين، 23 جمادى الأولى 1446| 2024/11/25
Saat: (M.M.T)
Menu
القائمة الرئيسية
القائمة الرئيسية

بسم الله الرحمن الرحيم

ٹیکس اور اخراجات کے ظالمانہ نظام میں تبدیلی کے حوالے سے پالیسی ربیع الثانی 1434،بمطابق فروری 2013

 

حزب التحریرولایہ پاکستان نے ٹیکس اور اس سے حاصل ہونے والی رقم کو خرچ کرنے کے حوالے سے مندرجہ ذیل پالیسی دستاویز "Publicized Policy Position" جاری کی ہے جس میں واضح طور پر یہ دیکھایا گیا ہے کہ اسلام کی محصول(Revenue) اوراخراجات (Expenditure)کی پالیسیاں معاشی استحکام اور خوشحالی کا باعث بنیں گی۔

ا)مقدمہ:معاشی استحکام جمہوریت اور آمریت کے ذریعے ممکن نہیں ہے۔یہ دونوں نظامِ حکمرانی کرپٹ ہیں کیونکہ یہ استعماری طاقتوں اور پاکستان کے حکمران بننے والے ان کے ایجنٹوں کے مفاد کو پورا کرنے والی محصول اورا خراجات کی پالیسیاں بنانے کی اجازت دیتے ہیں۔
ریاست کے خزانے میں محاصل کی اچھی اور بڑی مقدار لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے اور ریاست کے امور جیسے افواج،صحت اور تعلیم کو چلانے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ لیکن پاکستان کے موجودہ نظام ،جمہوریت اور آمریت دونوں، کافر استعماری طاقتوں اور سیاسی و فوجی قیادت میں موجود غدارایجنٹوں کے چھوٹے سے ٹولے کے معاشی مفادات کا تحفظ کرتے ہیں ۔اس مقصد کو پورا کرنے کے لیے عالمی بینک،آئی۔ایم۔ایف(I.M.F)حکومت کے ساتھ مل کر ٹیکس اور نجکاری کی انتہائی تذہیک آمیز پالیسیاں بناتے ہیں۔ان پالیسیوں کے نتیجے میں عوام کو ان عوامی اثاثوں سے محروم کردیا جاتا ہے جن سے بہت بڑی مقدار میں محصول حاصل ہوسکتا ہے جس کے بعد ریاست کے معاملات کو چلانے کے لیے درکار محاصل کا سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا جاتا ہے اور ان کے لیے ٹیکسوں کا ناختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے جس کے نتیجے میں معاشی سرگرمیوں پر انتہائی منفی اثر پڑنا شروع ہوجاتا ہے اور ان کے پاس جو تھوڑی بہت دولت بچتی ہے وہ اس سے بھی محروم ہو جاتے ہیں اور ان کی غربت میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔خوراک، لباس،رہائش ،روزگار،وراثت،صحت اور تعلیم وہ بنیادی ضروریات ہیں جن کو سب کے لیے یقینی بنایا جانا چاہیے لیکن ان پر ٹیکس لگنے سے یہ چیزیں عوام کے لیے ایک آسائش بن جاتی ہیں ۔اس کے علاوہ جہاں تک ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقم کو خرچ کرنے کا تعلق ہے تو اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ کافر استعماری طاقتوں اور ان کے ایجنٹوں کی ضروریات کو پورا کیا جائے جس کے نتیجے میں عوام کے مسائل کے حل کو نظر انداز کردیا جاتا ہے۔اس بات سے قطع نظر کہ حکمرانی میں کون آتا ہے ،آیا وہ جمہوری حکمران ہے یا آمر،اس استعماری نظام میں پاکستان کے محاصل اورا خراجات کی حقیقت میں کوئی فرق نہیں پڑتا۔مشرف اور شوکت عزیز کے دور حکمرانی میں پاکستان کی معاشی خودمختاری کی دھجیاں اڑائی گئیں اور یہ سلسلہ کیانی اور زرداری کے دور حکومت میں بھی جاری ہے اور آنے والے نئے ایجنٹ حکمرانوں کے دور میں بھی جاری رہے گا۔اور ایسا صرف اس وجہ سے ہوتا ہے کیونکہ جمہوریت اور آمریت میں اللہ سبحانہ وتعالی کے قوانین کو نافذ نہیں کیا جاتا بلکہ انسان اپنی خواہشات کے مطابق قوانین بناتے اور نافذ کرتے ہیں۔


ب)سیاسی ا ہمیت:
ب1۔ معاشرے کو عوامی اثاثوں سے حاصل ہونے والے محاصل سے محروم کردینا
سرمایہ داریت،چاہے وہ جمہوریت یا آمریت کسی بھی شکل میں پاکستان میں نافذ ہو،نجکاری کے ذریعے ریاست اور عوام دونوں کو عوامی اثاثوں سے حاصل ہونے والے بہت بڑے محاصل کے ذخیرے سے محروم کردیتی ہے جیسا کہ تیل،گیس اور بجلی۔لہذاتیل، گیس اور بجلی کے قیمتی اثاثوں کے ملکی اور غیر ملکی مالکان ان اثاثوں سے زبردست محاصل اور منافع حاصل کرتے ہیں ۔آنے والی خلافت ان اثاثوں کو عوامی ملکیت قرار دے کر ان توانائی کے وسائل کو اُن ممالک کو برآمد کر ے گی جن کی مسلمانوں اور اسلام کے ساتھ دشمنی کا تعلق نہ ہواوریوں کثیر محصول حاصل کرے گی۔اس طرح سے خلافت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ امت کی اس دولت کو امت کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جائے نہ کہ ان عظیم وسائل سے چند لوگ یا کمپنیاں منافع کمائیں اور حکومت اِن وسائل پر بڑے بڑے ٹیکس لگا کر عوام کی کمر توڑ دے ۔ اس کے علاوہ سرمایہ داریت نجی ملکیت کے تصور کو فروغ دیتی ہے جس کے نتیجے میں وہ ادارے کہ جن کو بنیادی طور پر ریاست کی ملکیت میں ہونا چاہیے جیسے اسلحہ سازی،بھاری مشینری کی تیاری ،ذرائع مواصلات،بڑی بڑی تعمیرات اور ٹرانسپورٹ،ان کا قیام بھی نجی شعبہ کی ذمہ داری بن جاتی ہے جس کے نتیجے میں عوامی مفادات کے تحفظ پر آنچ آتی ہے۔ آنے والی خلافت انشأ اللہ ایسے اداروں کو بنیادی طور پر سرکاری شعبے میں قائم کرے گی اور نجی کمپنیاں بھی ان شعبوں میں حکومت کی نگرانی میں کام کرسکیں گی تاکہ آج جس طرح سرمایہ دارانہ نظام میں نجی شعبہ کو عوامی مفادات کو پس پشت ڈال دینے کی اجازت دے رکھی ہے اس کا تدارک ہوسکے ۔یہی وجہ ہے کہ سرمایہ دارانہ نطام میں دنیا کی دولت مند ترین کمپنیاں وہ ہیں جو توانائی، اسلحہ،بھاری مشینری،ادویات اور مواصلات کے شعبوں میں کام کررہی ہیں۔لہذا حکومتوں کے پاس صرف ایک ہی حل رہ جاتا ہے کہ لوگوں پر مزید ٹیکس عائد کر کے ان کے لیے سانس لینا بھی دشوار کردے۔اس کے علاوہ پاکستان کے معاملے میں ایجنٹ حکمران، استعماری طاقتوں کے ایمأ پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جیسے مشینری اور دوسرے پیداواری وسائل کی درآمد پر ایکسائز ڈیوٹی کی کم شرح ، منافع پر ٹیکسوں کی چھوٹ جس کو واپس بھیج کر غیر ملکی معیشت کو مضبوط کیا جاتا ہے۔ اور پاکستان کی پیداواری صنعت کو غیر ملکی اداروں کے ہاتھوں تباہ و برباد کروانا جس کا ثبوت خود حکومت کے غیر ملکی سرمایہ کاری کے اعدادوشمار ہیں۔ یہ اعدادوشمار مشرف اور شوکت عزیز کے دور حکومت میں بڑھتے رہے اور زرداری اور کیانی کی حکومت میں بھی یہی سلسلہ جاری ہے۔
ب2۔بڑی اکثریت پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈال کر انھیں بدحال کیا جا رہا ہے جبکہ چند لوگ مالدار بنتے جارہے ہیں
آئی۔ایم۔ایف(I.M.F) کے زیر نگرانی مشرف اور شوکت عزیز کے دور حکومت اور کیانی اور زرداری حکومت کے دوران بھی آمدنی اور اشیأکی خریداری اوران کے استعمال پر بہت بڑی تعداد میں ٹیکسوں کی بھر مار نے پاکستان کی معیشت کا گلا گھونٹ دیا ہے۔ 1987-88میں کل محاصل117,021ملین ،2002-03میں 706,100ملین اور 2011-12میں 2,535,752ملین روپے تھے۔ان محاصل میں سے براہ راست ٹیکسوں یعنی انکم ٹیکس ،پراپرٹی ٹیکس اور کورپوریٹ ٹیکس کی مد میں 1987-88میں 12,441ملین روپے حاصل ہوئے اور پھر 2002-03میں بڑھ کر 153,072روپے اور 2011-12میں 745,000ملین روپے حاصل ہوئے۔ ان اعدادو شمار سے یہ واضح ہے کہ پہلے براہ راست ٹیکس کل محاصل کا 10فیصد تھے جو بڑھ کر20 فیصد اور پھر کیانی زرادی کے دور حکومت میں 2011-12میں یہ کل محاصل کا 29فیصد تک ہوگئے۔
اس کے علاوہ صرف انکم ٹیکس،جو کہ ریاست کے لیے محصول کا ایک اہم زریعہ ہے، 1987-88میں اس کا کل محاصل میں حصہ17فیصد تھا جو 2002-03میں 32فیصد تک پہنچ گیا تھا۔جس کا مطلب ہے کہ ملازمت پیشہ افراد پر ٹیکس کا بوجھ بڑھتا گیا جس نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔جب تک یہ کرپٹ نظام چلتا رہے گا چاہے کوئی بھی حکومت میںّ آجائے صورتحال مزید خراب ہی ہوگی۔حکومت نے 2011-12میں صرف انکم ٹیکس کی مد میں 730,000ملین روپے اکٹھے کیے جو 2002-03میں حاصل ہونے والے کل محاصل کے برابر ہے۔اس کے علاوہ 2012-13کے بجٹ میں حکومت نے انکم ٹیکس کی مد میں اکٹھی ہونے والی رقم کا ہدف 914,000ملین روپے رکھا ہے لیکن اس کے باوجود حکومت مزید ٹیکس لگانے کا اعلان کررہی ہے جو دراصل مغربی استعماری طاقتوں کے مطالبے کے عین مطابق ہے تا کہ جو تھوڑا بہت معیشت میں باقی رہ گیا ہے اس کو بھی نچوڑ لیا جائے۔
اس کے علاوہ بل واستہ ٹیکسوں کو دیکھا جائے ،جن میں ایکسائز، بین الاقوامی تجارت پر ٹیکس ،سیلز ٹیکس ،گیس اور پیٹرولیم کی مصنوعات پر سر چارج اور اس کے علاوہ سٹامپ ڈیوٹی،بیرون ملک سفر پر ٹیکس، موٹر وہیکل ٹیکس شامل ہیں ،کی مد میں 1987-88میں 81,015ملین روپے جو 2002-03میں بڑھا کر 397,875ملین حاصل کئے گئے ۔ صرف سیلز ٹیکس کی مد میں حاصل ہونے والی رقم 1988-87میں کل محاصل کا 9فیصد تھی جو مشرف اور شوکت عزیز کے دور حکومت میں 43فیصد تک پہنچ گئی۔اس سیلز ٹیکس کی وجہ سے لوگوں کے لیے ادویات،خوراک اور زراعت اور صنعت کی پیداوار میں استعمال ہونے والے خام مال کی خریداری اس حد تک تکلیف دہ بن گئی کہ ان کے لیے معیشت میں اپنا حصہ ڈالنا اور اپنی بنیادی ضروریات کو پورا کرنا ناممکن بن گیا۔اس قسم کی ٹیکس پالیسی معاشرے میں دولت کے چند ہاتھوں میں ارتکاز کا باعث بنتی ہے اور معاشرے کاوہ طبقہ جو سیڑھی کی سب سے نچلی جگہ پر ہے اس پالیسی سے اس بری طرح سے متاثر ہوتا ہے کہ وہ کیا کمائے اور کیا خرچ کرے۔ اس صورتحال کے تسلسل کے نتیجے میں زراعت اور صنعتی شعبہ مزید تباہ ہوجاتا ہے اور چند لوگوں کے ہاتھوں میں دولت کا ارتکاز مزید بڑھتا ہے ۔اور اگر یہی نظام جاری و ساری رہا تو یہ صورتحال مزید خراب تر ہوتی جائے گی۔ حکومت نے 2011-12میں جنرل سیلز ٹیکس کی مد میں 852,030ملین روپے اکٹھے کیے تھے اور 2012-13کے بجٹ میں اس کا ہدف 1,076,500ملین روپے ہے۔
تو اس سرمایہ دارانہ نظام نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ صرف سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی مدمیں حاصل ہونے والی رقم حکومت کے کل محاصل کا 60فیصد بن جاتے ہیں۔جس کا مطلب ہے کہ حکومت کے لیے درکار محاصل کا بہت بڑا حصہ عوام کے حق پر ڈاکہ ڈال کر حاصل کیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں وہ ضروری اشیأ کی خریداری سے بھی محروم ہوجاتے ہیں۔یہ کرپٹ نظام اسی قسم کی خرابی کو ہی پیدا کرتا ہے کیونکہ اس کو بنایا ہی اس طرح گیا ہے کہ وہ عوام کی ضروریات سے غفلت برتے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ تمام لوگ جواس نظام میں اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ بھی اس بات کا مطالبہ کر رہے ہیں کہ ٹیکسوں میں مزید اضافہ کیا جائے۔جہاں تک انکم ٹیکس کا تعلق ہے تو یہ نظام اس ٹیکس کے ذریعے لوگوں کی اس محنت کی کمائی پر ٹیکس لگاتا ہے جس کے ذریعے وہ اپنی بنیادی ضروریات اور چند آسائشوں کی تکمیل کی امید رکھتے ہیں بجائے اس کے کہُ ان کی اس فاضل دولت پر ٹیکس لگتا جو ان کی بنیادی ضروریات اور چند آسائشوں کو پورا کرنے کے بعدبچتی ہے۔ اسی طرح سیلز ٹیکس کی صورت میں بھی ان اشیأ پرٹیکس لگایا جاتا ہے جو کے لوگوں کی بنیادی ضروریات اور چند آسائشوں کو پورا کرنے کی اشیاء ہیں بجائے اس کے کہ صرف لوگوں کی اس فاضل دولت پر ٹیکس لگتا جو ان کی بنیادی ضروریات اور چند آسائشوں کو پورا کرنے کے بعدبچتی ہے۔ اس تمام تر صورتحال کے باوجود غدار ایجنٹ حکمران اس بات پر اصرار کرتے ہیں کہ یہ نظام ''عوام کے لئے(for the people)‘‘ ہے۔ اس کے برعکس خلافت میں نہ تو انکم ٹیکس ہوتا ہے اور نہ ہی سیلز ٹیکس، کیونکہ بنیادی طور پر نجی ملکیت ''ناقابل دسترس‘‘ ہے۔ٹیکس صرف اس فاضل دولت پر لگتا ہے جو بنیادی ضروریات اور چند آسائشوں کو پورا کرنے کے بعد بچتی ہے اور یہ ٹیکس بھی ریاست انتہائی سخت شرائط کو پورا کرنے کے بعد ہی عائد کرسکتی ہے۔کم ٹیکس کی یہ پالیسی اس لیے ممکن ہوتی ہے کیونکہ ریاست خلافت کے پاس عوامی اور ریاستی اثاثوں سے محاصل کے حصول کا ایک بہت بڑا ذریعہ موجود ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ مزید محصول کے لیے زرعی اور صنعتی شعبے سے ٹیکس حاصل کرنے کے لیے منفردقوانین کا ایک نظام بھی موجود ہوتا ہے ۔
ب3۔اخراجات میں استعماری طاقتوں اور ان کے ایجنٹ حکمرانوں کے مفادات کی تکمیل کو فوقیت دی جاتی ہے
امت کو اس کے محاصل کے ذرائع سے محروم ، کمانے اور خرچ کرنے کی اہلیت کو محدود کرنے کے بعد ، حکومت استعماری ممالک سے سودی قرضے حاصل کرتی ہے ۔یہ قرضے بنیے سے حاصل کردہ قرضوں کی مانند ہوتے ہیں جن کا مقصد پاکستان کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا کر رکھنا ہوتا ہے تا کہ ان قرضوں کی ادائیگی کے نام پر اس کے اثاثوں کو ہتھیالیا جائے اور اس کو اس قابل ہی نہ چھوڑا جائے کہ وہ کبھی بھی اپنے پیروں پر کھڑا اور مغربی استعمار کے لیے کوئی چیلنج بن سکے۔پاکستان کا کل قرضہ 1990-2000کے عرصے میں 15,451ارب ڈالر تھا جبکہ اس عرصے کے دوران 36,111ارب ڈالر ادا بھی کیے گئے۔کئی دہائیوں سے پاکستان ہر سال 3.66بلین ڈالر سالانہ ادا کررہا ہے لیکن اس کے باوجود اس کا بیرونی قرضہ دوگنا ہوچکا ہے اورہر گزرتی دہائی کے ساتھ صورتحال بد ترہوتی جارہی ہے۔ وزارت مالیات کے پاکستان اکنامک سروے کے مطابق مارچ 2012کے اختتام پرپاکستان کے ذمہ صرف ایک استعماری ادارے آئی۔ایم۔ایف (I.M.F)کا قرضہ8.1ارب ڈالر تک پہنچ چکا تھا۔اب پاکستان اپنے بجٹ کا 35فیصد قرضوں کی ادائیگی پر خرچ کرتا ہے جو 2011-12کے 30ارب ڈالر کے بجٹ میں 11ارب ڈالر بنتی ہے۔یہ وہ رقم ہے جس کو معیشت سے نکال لیا گیا ہے حالانکہ جس کے ذریعے لوگوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے اور ان کوکئی سہولیات پہنچائی جاسکتی ہیں۔یہ ہے عالمی انصاف کہ پاکستان کی طرح دنیا کے کئی ممالک اپنے قرضوں سے کئی گنا زیادہ رقم ادا کرچکے ہیں لیکن اس کے باوجود سود اور استعماری ممالک کی شرائط کی وجہ سے ان کا قرض ختم ہی نہیں ہوتا۔


د)قانونی ممانعت: معیشت کو مستحکم بنیادوں پر قائم کرنا
د1۔محاصل اور اخراجات ایک نظر میں
سرمایہ دارانہ نظام کی طرح اسلام آمدن اور اخراجات پر ٹیکس کو محاصل کے حصول کا بڑا ذریعہ نہیں بناتا۔ اس کے محاصل کی بنیادبنیادی ضروریات اور چند آسائشوں کو پورا کرنے کے بعدبچنے والی فاضل دولت اور اصل پیداوار ہے۔ خلافت صرف سخت شرائط کے ساتھ ہی ٹیکس لگاسکتی ہے اور وہ بھی صرف اخراجات کے بعد جمع ہونے والی دولت پر لگتا ہے لہذا ان لوگوں پر ٹیکس لگ ہی نہیں سکتا جو غریب ہیں یا اپنی بنیادی ضروریات کو بھی پورا نہیں کرسکتے۔ یہ اس لیے ممکن ہے کیونکہ ایک تو ریاست خلافت عوامی اور ریاستی اثاثوں، جیسے توانائی کے وسائل، بھاری مشینری کے اداروں سے بہت بڑی تعداد میں محاصل حاصل کرسکے گی اور دوسرے اسلام کے وہ منفرد قوانین جو محاصل کے حصول کو یقینی بناتے ہیں جس کے نتیجے میں معاشرے میں دولت کا ارتکاز نہیں ہوتا بلکہ اس کی منصفانہ تقسیم میں اضافہ ہوتا ہے ۔حزب التحریرنے ریاست خلافت کے دستور کی دفعہ148میں اعلان کیا ہے کہ''ریاستی بجٹ کے دائمی ابواب (مدات) ہیں جن کو شرع نے متعین کیا ہے۔ جہاں تک بجٹ سیکشنز کا تعلق ہے یا ہر سیکشن میں کتنا مال ہوتا ہے یا ہونا چاہیے تو اس کا جواب یہ ہے کہ ہر سیکشن میں موجود مال سے متعلقہ امور کا تعلق خلیفہ کی رائے اور اجتہاد پر منحصر ہے‘‘ ۔اور دستور کی دفعہ 149میں لکھا ہے کہ '' بیت المال کی آمدن کے دائمی ذرائع مندرجہ ذیل ہیں: فئی ،جزیہ ،خراج ، رِکاز کا خمس (پانچواں حصہ) اور زکوٰۃ۔ ان اموال کو ہمیشہ وصول کیا جائے گا خواہ ضرورت ہو یا نہ ہو‘‘۔اور دفعہ 151میں لکھا ہے کہ ''وہ اموال بھی بیت المال کی آمدن میں شمار ہوتے ہیں جو ریاست کی سرحدوں پر کسٹم کے ذریعے حاصل ہوتے ہیں یا عوامی ملکیت اور ریاستی ملکیت سے حاصل ہوتے ہیں یا ایسی میراث جس کا کوئی وارث نہ ہو یا پھر مرتدوں کے اموال ‘‘۔
د2۔صنعتی شعبہ محاصل کے حصول کا ایک ذریعہ ہے
خلافت میں صنعتی شعبہ تیزی سے ترقی کرے گا۔ صنعتی پیداوار کے لیے درکار اشیاء جیسے مشینری اورتوانائی پر مختلف قسم کے ٹیکس لگا کر صنعتی شعبے کو مفلوج نہیں کیا جائے گا۔بلکہ ریاست تجارت سے حاصل ہونے والے منافع سے محاصل حاصل کرے گی۔ اس عمل کے نتیجے میں کاروباری حضرات کو بغیر کسی رکاوٹوں کے پیداوار پر توجہ مرکوز کرنے کا بھر پور موقع میسر ہو گا اور وہ اپنے منافع یا جمع شدہ دولت پر حکومت کو محاصل دیں گے جس کے نتیجے میں دولت کی گردش کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔حزب التحریرنے ریاست خلافت کے دستور کی دفعہ 143میں اعلان کیا ہے کہ''مسلمانوں سے زکوٰۃ وصول کی جائے گی۔ زکوٰۃ ان اموال پر لی جائے گی جن پر زکوٰۃ لینے کو شریعت نے متعین کر دیا ہے جیسا کہ نقد ی،تجارتی مال ، مویشی اور غلہ۔ جن اموال پرزکوٰۃ لینے کی کوئی شرعی دلیل نہیں ،ان پر زکوٰ ۃ نہیں لی جائے گی۔ زکوٰۃ ہرصاحب نصاب شخص سے لی جائے گی خواہ و ہ مکلف ہو جیسا کہ ایک عاقل بالغ مسلمان یا وہ غیر مکلف ہو جیسا کہ بچہ اور مجنون۔ زکوٰۃ کو بیت المال کی ایک خاص مد میں رکھا جائے گااور اس کو قرآن کریم میں وارد ان آٹھ مصارف میں سے کسی ایک یا ایک سے زائد کے علاوہ کہیں اور خرچ نہیں کیا جائے گا‘‘۔
د3۔زراعت:خراج محصول کا طریقہ ہو گا لیکن یہ کاشتکاروں پر بوجھ نہیں ہو گا
اسلام کے زیر سایہ ،برصغیر ہندوستان نے،جو کے ایک زرعی معاشرہ تھا، دنیا کی کل پیداوار کی25فیصد پیداوار دی۔ اس کی ایک بنیادی وجہ خراج کا نظام تھا۔خراج کے نظام کے تحت زمین کی ملکیت تمام مسلمانوں کی ہوتی ہے لیکن اس زمین کو استعمال کرنے کا حق اور اس سے حاصل ہونے والی منفعت زمین کو کاشت کرنے والے کی ہوتی ہے۔لہذا جو اس زمین کو کاشت کرتا ہے وہی اس زمین سے حاصل ہونے والی پیداوار کا مالک بھی ہوتا ہے۔ اس نظام نے پیداوار میں اضافہ کیا اور دولت کی تقسیم کو یقینی بنایا۔ اس زمین کے استعمال کے عوض اور اس زمین کی استعداد کے مطابق مسلمانوں نے اس زمین سے ریاست کے لیے محصول حاصل کیا ۔ برطانوی راج میں جب سرمایہ دارانہ نظام رائج کیا گیاتو کاشتکاروں پر بھاری ٹیکس لگائے گئے، پھر ان کو مجبور کیا گیا کہ وہ سودی قرض حاصل کریں جس کے نتیجے میں کاشتکارقرضوں تلے دب گئے اور آخر کار انھیں اپنی زمینیں بیچنی پڑیں۔ اس کے علاوہ استعماری طاقت نے اپنے لیے اور اپنے ساتھیوں کے لیے زمینوں پر زبردستی قبضہ بھی کیا۔ آج بھی زرعی شعبہ سرمایہ داریت کی وجہ سے نقصان برداشت کررہا ہے اگرچہ اس تمام صورتحال کے باوجودپاکستان کی بچ جانے والی زراعت کئی شعبوں میں اب بھی دنیا میں بے مثال ہے اور اس میں اتنی استعداد ہے کہ وہ تیزی سے پھل پھول سکے۔ کاشتکاروں پر زرعی پیداوار کے لیے درکار اشیاء جیسے کھاد،بیج،مشینری اور تیل پر بھاری ٹیکس عائد ہیں۔ جس کے بعد انھیں اس بات پر مجبور کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے منافع میں اضافے کے لیے اپنی پیداوار بیرون ملک برآّمد کریں۔ اس عمل کے نتیجے میں پاکستان کو نقصان ہوتا ہے اور پاکستان کو وہی اشیاء مہنگے داموں درآمد کرنا پڑتی ہیں جو وہ خود بہت بڑی تعداد میں پیدا کرسکتا ہے۔ اسلام میں محصول زرعی پیداوار کے لیے درکار اشیاء پر ٹیکس لگا کر حاصل نہیں کیا جاتا بلکہ زمین سے حاصل ہونے والی پیداوار سے حاصل کیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں سستے خام مال کی وجہ سے کاشتکار کو اس بات کی ترغیب ملتی ہے کہ وہ پیداوار میں اضافہ کرے۔جیسا کہ حزب التحریرنے ریاست خلافت کے دستور کی دفعہ145میں اعلان کیا ہے کہ''خراجی زمین پر خراج اس زمین کے مطابق لیا جائے گا جبکہ عشری زمین پر زکوٰۃ اس کی عملی پیداوار پر لی جائے گی‘‘۔
د4۔ریاست کو ٹیکس لگانے کابنیادی اختیار نہیں ہے بلکہ صرف چند کڑی شرائط کے ساتھ اُسے ٹیکس لگانے کا اختیار ہے
اسلام نے افراد کی نجی ملکیت کوتحفط فراہم کیا ہے اور بغیر شرعی جواز کے اس میں سے کچھ بھی لینے سے منع فرمایا ہے لہذا ریاستِ خلافت میں انتہائی مجبوری میں ٹیکس لگایا جاسکتا ہے اور وہ بھی کڑی شرائط کو پورا کرنے کے بعد جیسے اگر جو محصول شریعت نے عائد کیے ہیں اگر وہ ریاست کی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے ناکافی ہیں تو صرف اُن افراد کی اُس فاضل دولت پر ٹیکس لگایا جاسکتا ہے جو ان کی بنیادی ضروریات اور آسائشوں کو پورا کرنے کے بعد بچتی ہے۔ لہذا اسلام اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ لوگوں کی محنت کی اُس کمائی پر ٹیکس نہ لگے جو ان کی بنیادی ضروریات اور کسی حد تک آسائشوں کی پورا کرنے کے لیے درکار ہوتی ہے جبکہ سرمایہ داریت میں انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کی صورت میں کم صاحب حیثیت کے لوگوں کو سزا دی جاتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اسلام کا ٹیکس کا نظام اس بات کو یقینی بنائے گا کہ دولت معاشرے میں گردش کرے نہ کہ چند ہاتھوں میں جمع ہوجائے۔ پاکستان میں سب سے امیر تیس افراد کی دولت تقریباً 15ارب ڈالر ہے اور یہ وہ اعدادو شمار ہیں جو ظاہر کیے گئے ہیں۔ ان افراد پر صرف 30فیصد ٹیکس ریاست کے لیے 4.5ارب ڈالر کے محصول کا باعث بنے گا۔ لہذا ہنگامی صورتحال میں دولت مندوں پر عائد کیے گئے اس ٹیکس کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم پاکستان کی زوال پزیر صنعتی شعبے کی بحالی پر خرچ کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ ریاست خلافت اپنے عوام سے مختلف منصوبوں کے لیے رضا کارانہ بنیادوں پر قرضہ بھی حاصل کرسکتی ہے اور یہ امت اللہ کی خوشنودی کو حاصل کرنے کے لیے آج بھی بغیر کسی ریاستی تعاون کے خود کئی ایسے منصوبوں پر مال خرچ کررہی ہے۔حزب التحریرنے ریاست خلافت کے دستور کی دفعہ150میں اعلان کیا ہے کہ'' بیت المال کی دائمی آمدنی اگر ریاست کے اخراجات کے لیے ناکافی ہو تب ریاست مسلمانوں سے ٹیکس وصول کرے گی اور یہ ٹیکس کی وصولی ان امور کے لیے ہے:۱) فقراء، مساکین، مسافر اور فریضہ جہاد کی ادائیگی کے لیے بیت المال کے اوپر واجب نفقات کو پورا کرنے کے لیے۔ب) ان اخراجات کو پورا کرنے کے لیے جنہیں پورا کرنا بیت المال پر بطورِ بدل واجب ہے جیسے ملازمت کے اخراجات، فوجیوں کا راشن اور حکام کے معاوضے۔ج۔) ان اخراجات کو پورا کرنے کے لیے جو مفاد عامہ کے لیے بغیر کسی بدل کے بیت المال پر واجب ہیں۔ جیسا کہ نئی سڑکیں بنوانا، زمین سے پانی نکالنا، مساجد ، اسکول اور ہسپتال بنوانا۔د) ان اخراجات کو پورا کرنے کے لیے جو بیت المال پر کسی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے واجب ہوں جیسے ہنگامی حالت میں قحط ، طوفان اور زلزے وغیرہ کی صورت میں‘‘۔اور دفعہ 146میں لکھا ہے کہ ''مسلمانوں سے وہ ٹیکس وصول کیا جائے گا جس کی شرع نے اجازت دی ہے اور جتنا بیت المال کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہو۔ شرط یہ ہے کہ یہ ٹیکس اس مال پر وصول کیا جائے گا جو صاحبِ مال کے پاس معروف طریقے سے اپنی ضروریات کو پورا کرنے کے بعد زائد ہواور یہ ٹیکس ریاست کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی بھی ہو‘‘۔ اس کے علاوہ دفعہ 147میں لکھا ہے کہ '' ہر وہ عمل (کام) جس کی انجام دہی کو شرع نے امت پر فرض قرار دیا ہے اگر بیت المال میں اتنا مال موجود نہ ہو جو اس فرض کام کو پورا کرنے کے لیے کافی ہو تب یہ فرض امت کی طرف منتقل ہوگا۔ ایسی صورت میں ریاست کو یہ حق حاصل ہوگا کہ وہ امت سے ٹیکس وصول کر کے اس ذمہ داری کو پورا کرے‘‘۔
د5۔اخراجات کے رہنما اصول
خلافت ریاستی اموال، عوامی اثاثوں کے ذریعے،زراعت اور صنعتوں کو ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبائے بغیر اور دولت مندوں کی فاضل دولت پر ٹیکس لگا کر بہت بڑی تعداد میں محصول اکٹھا کرتی ہے۔ جہاں تک اخراجات کا تعلق ہے اسلام ریاست کو اس بات کا پابند کرتا ہے کہ وہ ہر اس چیز پر خرچ کرے جو لوگوں کے امور کی دیکھ بھال کے لیے ضروری ہے۔ یقینی طور پر خلافت استعماری طاقتوں کی مجرم تنظیموں اور اداروں کو مزید کوئی رقم ادا نہیں کرے گی جبکہ اس بات میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ ہم دیگر کئی ممالک کی طرح اصل رقم کئی بار ادا کرچکے ہیں۔ حزب التحریر نے ریاست خلافت کے دستور کی دفعہ152میں اعلان کیا ہے کہ''بیت المال کے نفقات (اخراجات)کو چھ مصارف میں تقسیم کیا جاتا ہے۔(۱) وہ آٹھ مصارف جو زکوٰۃ کے اموال کے مستحق ہیں ان پر زکوٰۃ کی مد سے خرچ کیا جائے گا۔ (ب) فقراء ، مساکین، مسافر اورجہاد فی سبیل اللہ اور قرضداروں پر خرچ کرنے کے لیے اگر زکوٰۃ کے شعبے میں مال نہ ہو تو بیت المال کی دائمی آمدنی سے ان پر خرچ کیا جائے گا۔ اگر اس میں بھی کوئی مال نہ ہو تو قرضداروں کو توکچھ نہیں دیا جائے گالیکن فقراء ، مساکین، مسافر اور جہاد کے لیے ٹیکس نافذ کیاجائے گا ۔اگرٹیکس عائد کرنے سے فساد کا خطرہ ہو تو قرض لے کر بھی ان حاجات کو پورا کیا جاسکتا ہے۔(ج) وہ اشخاص جو ریاست کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں جیسے ملازمین ،افواج اور حکمران ،ان پر بیت المال کی آمدن میں سے خرچ کیا جائیگا۔ اگر بیت المال میں موجود مال اس کام کے لیے کافی نہ ہو تو ان ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ٹیکس لگایا جائے گا اور اگر فساد کا خوف ہو تو قرض لے کر یہ ضروریات پوری کی جائیں گی۔ (د) بنیادی ضروریات اور مفادات عامہ جیسے سڑکیں، مساجد، ہسپتال، سکول وغیرہ پر بیت المال میں سے خرچ کیا جائے گا۔ اگر بیت المال میں اتنا مال نہ ہو تو ٹیکس وصو ل کرکے ان ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔(و) اعلیٰ معیارِ زندگی مہیا کرنے کے لیے بھی بیت المال سے مال خرچ کیا جائے گا اگر بیت المال میں مال کا فی نہ ہو توپھر ان پرکچھ خرچ نہیں کیا جائے گا اور ایسے اخراجات کو مؤخر کیا جائے گا۔(ہ) اتفاقی حادثات یا ہنگامی حالات جیسے زلزلے، طوفان وغیرہ کی صورت میں بھی بیت المال سے مال خرچ کیا جائے گا۔ اگر بیت المال میں مال نہ ہو تو قرض لے کر خرچ کیا جائے گا پھر ٹیکس وصول کر کے وہ قرض ادا کیے جائیں گے‘‘۔


نوٹ:خلافت کے قیام کے فوراً بعد اس پالیسی کو نافذ کیا جائے گا ۔ اس پالیسی کے قرآن و سنت سے تفصیلی دلائل جاننے کے لیی حزب التحریرکی جانب سے جاری کیے گئے ریاستِ خلافت کے دستور کی دفعات143سے 152تک سے رجوع کریں۔ متعلقہ آئینی دفعات کو دیکھنے کے لیے اس ویب سائٹ لنک کو دیکھیں۔
http://htmediapak.page.tl/policy-matters.htm


ج)پالیسی :محصول اور اخراجات کا مقصد دنیا کی صف اول کی ریاست کو مزید آگے لے جا نا
ج1۔ تیل،گیس اور بجلی کے عوامی اداروں،اس کے علاوہ ریاستی ملکیت میں چلنے والے بھاری مشینری اور اسلحے کے کارخانوں اور مواصلات اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں کے ذریعے بہت بڑی تعداد میں محاصل کا حصول۔
ج2۔صنعت اور زراعت کے شعبوں کے لیے درکار اشیاء پر ٹیکس کا خاتمہ جو ان کی پیداوار کو مفلوج کرتا ہے۔محصول ،صنعتی شعبے سے پیدا ہونے والی اشیأ کی تجارت پر ہونے والے منافع اور زراعت سے ہونے والی پیداوار پر لیا جائے گا۔
ج3۔ مغربی سرمایہ دارانہ اداروں کے قرضوں کی واپسی ختم کردی جائے گی کیونکہ ان قرضوں کو ظالمانہ سود سمیت کئی بار اداکیا جاچکا ہے ۔اخراجات کو مسلمانوں کی ضروریات اور ان کے مفادات کے حصول کو مد نظر رکھ کر کیا جائے گا جس میں طاقت اور خوشحالی کے لیے مضبوط صنعتی شعبے کے قیام کے لیے خرچ کرنا بھی شامل ہے۔

 

نوٹ: اس پالیسی دستاویز کی پریس رلیز کو دیکھنے کے لیے اس ویب سائٹ لنک کو دیکھیں۔

حزب التحریر ولایہ پاکستان نے ظالمانہ ٹیکس اور اخراجات کے حوالے سے پالیسی جاری کر دی

صرف خلافت ہی غریب پر کوئی ٹیکس عائد نہیں کرے گی

 

ہجری تاریخ :
عیسوی تاریخ : پیر, 18 فروری 2013م

حزب التحرير

Leave a comment

Make sure you enter the (*) required information where indicated. HTML code is not allowed.

دیگر ویب سائٹس

مغرب

سائٹ سیکشنز

مسلم ممالک

مسلم ممالک